نئی دہلی، 28؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے اقتصادی جرائم کی ملزم کمپنیوں کو عوامی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے سیکورٹی منظوری پیش کرنے کے واسطے گائڈلائن تیار کرنے کے لیے دائر درخواست پر آج مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔چیف جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر اور جسٹس دھننجے وائی چند رچوڈ کی بنچ اس سلسلے میں بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی درخواست پر غور کے لیے راضی ہو گئی ہے۔سوامی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ اقتصادی معاملات میں ملزم فرموں کو وزارت داخلہ کی سیکورٹی منظوری دینے کے لیے گائڈلائن ہونی چاہیے ۔سوامی نے درخواست میں یہ اپیل کی ہے کہ ایسی فرموں کو نیلامی میں شامل ہونے سے روکا جانا چاہیے ۔راجیہ سبھا ایم پی ڈاکٹر سوامی نے کہا ہے کہ اطلاعات و نشریات کی وزارت نے 2 ؍مارچ 2015کو ایک نوٹس جاری کرکے ایف ایم ریڈیو چینل کی ای-نیلامی کے عمل کے تیسرے مرحلے کے لیے اہلیت رکھنے والی کمپنیوں سے درخواست مدعو کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ سن ٹی وی پر اقتصادی جرائم کے الزام میں مقدمہ چل رہا ہے لیکن اس نے ایف ایم ریڈیو چینل کی نیلامی کے عمل میں حصہ لیا تھا۔